سندھ پر اثر انداز مون سون سسٹم شدت اختیار کرکے ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا، جو کراچی سمیت سندھ بھر میں 10 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش کا سبب بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ سندھ میں ستمبر کے دوران مون سون نے پہلی بار ڈیپ ڈپریشن کی شکل اختیار کی ہے۔ یہ سسٹم کراچی سمیت سندھ بھر میں 10 سمتبر تک وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا سبب بن سکتا ہے۔
موسمی تبدیلیوں کے باعث لگے بندھے راستوں پر چلنے والے موسم بھی اپنے رنگ بدلنے لگے، ستمبر میں مون سون کے حالیہ تیور پر محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ سندھ میں ستمبر کے دوران مون سون کی یہ شدت پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی۔
اس سے قبل ستمبر 2011 سندھ کے لیے سب سے زیادہ برسات والا مہینہ ثابت ہوا تھا۔ ڈیپ ڈپریشن سمندری طوفان بننے سے پہلے کی ایک اسٹیج ہے۔ جو اس وقت سندھ میں موجود ہے۔ اس سسٹم کا مرکز تھرپارکر میں ہے۔
اتنی شدت کے سسٹم میں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں اور یہ کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید موسلا دھار بارشوں کا سبب بن سکتا ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ سسٹم تھوڑا سا کمزور ہوکر واپس ڈپریشن میں تبدیل ہوگا۔ آج سے 10 ستمبر تک کراچی سمیت سندھ کے کئی مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، اس پورے اسپیل کے دوران کراچی میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہوسکتی یے۔
کل یہ سسٹم کراچی کے قریب سے گرزے گا جس کے باعث موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ کراچی میں انفرااسٹرکچر خراب ہونے کے باعث سڑکوں پر سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔