• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہت ہوچکا، آج سیاست پر مٹی پائیں۔ کچھ خاص نہیں ہوگا۔ گلشن کا کاروبار یوں ہی چلتا رہے گا۔ چھپر نہیں پھٹے گا۔ آپ بیلٹ بکس میں ووٹ ڈالیں، ووٹ ڈالنے سے اجتناب کریں، سیاست کے دستورِعمل میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ یہ دل چسپ کھیل ہم پچھلے ستر، اسی برسوں سے دیکھتے آئے ہیں۔ شکلیں بدل جاتی ہیں۔ نام بدل جاتے ہیں مگر سیاستدان وہی رہتے ہیں۔ ان کے رہن سہن میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔ اس لیے کبھی ایسی سیاست پر مٹی پانا ضروری ہوجاتا ہے۔ آپ کی ذہنی اور جسمانی صحت اچھی رہتی ہے۔ فی الحال گڈبائی سیاست۔

آج آپ سنیں گے ہدایتیں، مشورے، کچھ نصیحتیں، ان پر عمل کرنے سے آپ کا کچھ نہیں بگڑے گا۔ آپ ہٹے کٹے اور صحت مند رہیں گے۔ آپ ایک کی بجائے دس مرتبہ بیلٹ بکس میں ووٹ ڈالیں گے، آپ کا کچھ نہیں بگڑے گا، جس کا بگڑنا ہوگا، اس کا بہت کچھ بگڑ چکا ہوگا۔اب آپ کچھ مشورے، کچھ نصیحتیں سن لیجئے، ان پر عمل کرنے سے آپ فارم میںرہیں گے۔ آپ کبھی بھی کالی کھانسی کا شکار نہیں ہونگے۔ آپ جوڑوں کے درد میں مبتلا نہیں ہونگے۔ آپ کرکٹ چھوڑ کر ہاکی نہیں کھیلیں گے۔ آپ ایرے کی بجائے غیرے کو ووٹ نہیں دیں گے۔

مشورے اور ہدایتیں سننے سے پہلے کام کی بات سنیں اور ذہن نشین کرلیں۔ آدمی کی جب مت ماری جاتی ہے، تب وہ ایسے کام کر بیٹھتا ہے، جن کاموں سے اسے دور رہنا چاہیے اگر آپ تیرنا نہیں جانتے تو پھر بھول کر بھی آپ کو ٹک ٹاک کیلئے سیلاب کے بپھرے ہوئے پانی میں مویشیوں کو بچانے کی ویڈیو بنانے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے۔ مویشیوں کا تو کچھ نہیں بگڑے گا مگر آپ سیلاب کی نذرہوجائیں گے۔ آپ کا کریا کرم ہوجائے گا۔ جب تک ہماری ہر دل عزیز عوامی حکومت سیلاب کی مستی کنٹرول کرنے کیلئے ڈیم بنانے کیلئے ہمیں ڈیم فول بناتی رہے تب تک آپ سیلاب میں پھنسے ہوئے مویشیوں کو بچانے کیلئے ویڈیو بنانے کا ارادہ ترک کرلیجئے۔ مویشی بچ جائیں گے، آپ مر جائیں گے۔

اچھی شہرت اور اچھا نام کمانا ہر فرد کی تمنا ہوتی ہے۔ جن کے پاس دھن، دولت نہیں ہوتی وہ لوگ میٹھے بولوں سے نام کمانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ میٹھے بول، میٹھی چیزیں وافر انداز میں کھانےسے میٹھے بن کر آپ کے منہ سے نکلتے ہیں مگر ایک خیال رہے۔ زیادہ میٹھی چیزیں کھانے سے آپ ذیابطیس کا شکار ہوسکتے ہیں۔ آپ کے جسم پر چیونٹیاں گھومنے پھرنے لگتی ہیں۔ یاد رہے کہ میٹھے بولوں کا انحصار صرف میٹھی چیزیں کھانے پر نہیں ہونا چاہیے۔

قدرت کے کرشموں میں رحمتیں ہوتی ہیں اور زحمتیں بھی ہوتی ہیں۔ آپ کو ادراک کی آنکھ کھلی رکھنی چاہیے۔ حالیہ سیلاب میں لاتعداد مویشی جیسا کہ بھینسیں، گائے، بیل، بکریاں بہہ کر ہمارے ہاں پہنچ گئے ہیں۔ لوگوں نے مال غنیمت کی طرح جانوروں پر قبضہ کرلیا ہے۔ مفت کی منڈیاں کھل گئی ہیں۔ اونے پونے گائے، بھینسیں اور بکریاں بک رہی ہیں۔ نام کمانے کیلئے یہ سنہری موقع ہے آپ کے لیے، میں آپ سے یہ نہیں کہوں گا کہ آپ بھی مال غنیمت میں ملے ہوئے مویشی بیچنا شروع کردیں۔ اس طرح آپ مال غنیمت میں ملے ہوئے مویشی بیچ کر نام نہیں کما سکتے۔ آپ غنیمت میں ملی ہوئی ایک دو گائے کے گوشت پلائو کی دیگیں تیار کروالیں۔ پلائو کی دیگیں لے کر خیمہ بستیوں میں پہنچ جائیں۔ نامور صحافیوں کو دعوت دے کربلائیں۔ اس کے فوراً بعد آپ اخباروں اور ٹیلی وژن کی خبروں پر چھا جائیں گے۔ خوب نام کمائیں گے اور مہربان بابا اور سخی بابا کے نام سے مشہور ہوجائیں گے۔ آپ خود نام کمائیں گے، ہوسکتا ہے کہ اس قدر نام کمانے کے بعد آپ کو سخاوت کے نوبل انعام کیلئے نامزد کیا جائے۔ یہاں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ عقل گھاس چرنے چلی جاتی ہے۔ انیک تصویروں میں آپ کو پلائو بانٹتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔ آپ بس نامور صحافیوں سے بنائے رکھیں۔ ان کو ہانگ کانگ اور بنکاک کی سیر بھی کروا دیا کریں۔

اب آخری مشورہ سن لیجئے، آپ ایسی چیز بیچنے کے کاروبار سے لگ جائیں، جس چیز کے بارے میں کسی نے خواب میں بھی سوچا نہ ہو، مثلاً آپ خواب بیچنا شروع کردیں۔ آپ لوگوں کو ایسے خواب بیچنا شروع کردیں جو ان کے خواب و خیال میں بھی نہ ہوں۔ مثلاً آپ لوگوں کو بتائیں کہ وہ وقت آگیا ہے جب کھانے، پینے کی چیزیں، خالص اور اصلی، دروازہ کھٹ کھٹاکر آپ تک مفت میں پہنچائی جائیں گی۔ آپ دروازہ کھٹ کھٹانے کی آواز پر توجہ دیں اور دروازے کھلے رکھیں۔ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ کھلا دروازہ دیکھ کر چور اچکے آپ کے گھر میں گھس آئیں۔ اچھے دن آگئے ہیں۔ اب گھروں کے دروازے کھلے رہیں گے اور ملک بھر میں تالے بکنے کا رواج ختم ہوجائے گا۔ اس نوعیت کے حیرت انگیز خواب آپ لوگوں کو دکھایا کریں اور بیچا کریں۔

تازہ ترین