فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے پیرس میں پاکستانی طلباء کے ایک گروپ کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلباء سے کھل کر تبادلہ خیال کیا، طلبا کے خیالات اور خدشات سنے اور انہیں درپیش مسائل پر گفتگو کی۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے کہا کہ حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور سہولت کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سفارت خانہ ہر وقت طلباء اور کمیونٹی کے ساتھ رابطے میں رہنے کے لیے سرگرم ہے تاکہ ان کے مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے پاک فرانس تعلقات میں طلباء کے کردار پر گفتگو میں پاکستانی طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور فرانس کے درمیان تعلقات کے فروغ میں ایک مضبوط اور مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طلباء اپنی تعلیم، تحقیق اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے دونوں ممالک کو قریب لا سکتے ہیں اور دونوں معاشروں کے درمیان ثقافتی اور علمی پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
سفیر پاکستان نے طلباء کو ہر ممکن تعاون اور رہنمائی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور انکی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا پاکستان کا نوجوان طبقہ ملک کا قیمتی سرمایہ ہے اور بیرون ملک مقیم طلباء اپنی صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں بلکہ مستقبل کی قومی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔