پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زین قریشی کا کہنا ہے کہ ضمانت کے معاملے پر دخل اندازی کی جارہی ہے۔
لاہور میں زین قریشی نے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ سال سے شاہ محمود قریشی کی ضمانتیں لگی ہوئی ہیں۔
علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی کی بیٹی اور پی ٹی آئی کی رہنما مہر بانو قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان نورا کشتی ہے۔ ایسی لڑائیاں قومی مفاد اور عوام کے لیے نہیں ہوتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اپنے اقتدار کے حصول کی خاطر اکٹھے ہوئے ہیں۔
اس سے قبل لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں بعد از گرفتاری ضمانت پر سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ آج مقدمات کا ریکارڈ دستیاب نہیں ہے، جس پر شاہ محمود قریشی کی اہلیہ نے کہا کہ ریکارڈ پیش نہ کرنا پراسیکیوشن کی بد نیتی ہے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ یہ وہی ضمانتیں ہیں جن میں پہلے آپ کے وکیل ہی پیش نہیں ہوتے تھے۔
عدالت نے ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کردی۔