ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خارجیوں کے سہولت کاروں کو تین آپشنز دیے ہیں۔
ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اب اسٹیٹس کو نہیں چلے گا، جو شخص یا گروہ کسی مجبوری یا فائدے کی وجہ سے خارجیوں کی سہولت کاری کر رہا ہے اس کے پاس تین چوائسز ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’چوائس ون، سہولت کاری کرنے والا خوارجیوں کو ریاست کے حوالے کردے اور چوائس ٹو، دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں ریاستی اداروں کے ساتھ مل کراس ناسور کو اپنے انجام تک پہنچائے۔‘
انہوں نے چوائس تھری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ دونوں کام نہیں کرنے تو خارجیوں کے سہولت کار ہوتے ہوئے ریاست کی طرف سے ایکشن کے لیے تیار رہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں آپ خیبر پختونخوا کے عوام کی حفاظت کے لیے افغانستان سے سیکیورٹی کی بھیک مانگنے کے بجائےصوبے کے ذمہ داران ہوتے ہوئے اس کی خود حفاظت کریں گے۔