• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ نے گھریلو استعمال کیلئے نئے گیس کنکشنز پر عائد پابندی اٹھالی ہے، علی پرویز ملک

علی پرویز ملک : فائل فوٹو
علی پرویز ملک : فائل فوٹو 

وفاقی وزیر علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے گھریلو استعمال کیلئے نئے گیس کنکشنز پر عائد پابندی اٹھالی ہے، عوام کی سہولت کیلئے اب آر ایل این جی کے نئے کنکشن دیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ آر ایل این جی ایل پی جی سے سستی ہے،  مقامی گیس کی دریافت کیلئے بڈنگ بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آر ایل این جی مقامی گیس سے مہنگی لیکن ایل پی جی سے 30 فیصد سستی ہوگی ، آر ایل این جی کے نئے کنکشن دیے جائیں گے، وفاقی کایبنہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پر عزم ہیں۔

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے موسمیاتی اور زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے پالیسی بنائی جا رہی ہے، وزیر اعظم جلد چاروں وزراء اعلی کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سیلاب کا پانی اب پنجند کے مقام سے سندھ میں داخل ہورہا ہے ، پانی کی گزر گاہیں تنگ کر دی گئیں، جس وجہ سے سیلاب آرہےہیں،  زرعی ایمرجنسی لگانے جا رہے ہیں، چین پاکستان کا عظیم دوست ہے جس نے ہرمشکل میں ساتھ دیا،ہم چین کے ساتھ ایک نئے دور کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  کابینہ اجلاس میں میجر عدنان اسلم کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی،  شہید میجر عدنان اسلم کا خاندان عزم اور حوصلے کا مینار ہے، معرکہ حق میں پوری قوم پاک افواج کے ساتھ کھڑی تھی، خوارج کے خلاف قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

قومی خبریں سے مزید