بھارت کے شہر گوالیار میں انسٹا ویڈیو بنانے کے شوق نے ایک نوجوان کو انوکھا قدم اٹھانے پر مجبور کر دیا، نوجوان تقریباً آدھے گھنٹے تک پانی کی سطح پر مردہ بن کر تیرتا رہا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی لوگوں نے جب یہ منظر دیکھا تو فوراً پولیس کو اطلاع دی، پولیس موقع پر پہنچی تو وہ حیران رہ گئی، کہ جسے سب لاش سمجھ رہے تھے وہ اچانک حرکت کرنے لگا۔
اطلاعات کے مطابق پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی بڑی تعداد میں لوگ ڈیم کے قریب جمع ہو گئے تھے اور نوجوان کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جیسے ہی پولیس اہلکار لاش کو نکالنے کی تیاری کر رہے تھے تو نوجوان اچانک اٹھ گیا اور یہ دیکھ کر ہجوم خوفزدہ ہو گیا۔
پولیس نے نوجوان سے پوچھ گچھ کی تو معلوم ہوا کہ وہ انسٹاگرام ریل بنا رہا تھا، اس نے کیمرہ بھی پہلے سے نصب کر رکھا تھا اور ریکارڈنگ تقریباً 30 منٹ تک جاری رہی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد کونسلنگ کی اور پھر وارننگ دے کر چھوڑ دیا۔
پولیس افسران نے بتایا کہ نوجوان کی شناخت ٹنکو سنگھ کے نام سے ہوئی ہے جو ارون گاؤں کا رہائشی ہے، اس نے اپنی حرکت پر پولیس سے معافی بھی مانگی اور آئندہ ایسی حرکت نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔