• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

190 ملین پاؤنڈ کیس، عمران خان اور اہلیہ کی سزا معطلی کی درخواستیں جلد مقرر کرنے کا حکم

فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے انہیں جلد مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان نے درخواستوں پر سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل میں کہا کہ یہ سزا معطلی کی درخواستیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی متفرق درخواست ہے، نیب کی جانب سے پہلے کہا جاتا رہا کہ پراسیکیوٹر تعینات کرنا ہے، یہاں پر خاتون بھی ہیں 8 ماہ ہوگئے، فیصلہ آپ نے کرنا ہے ہماری صرف استدعا ہے۔

انہوں نے استدعا کی کہ خاتون کی حد تک سزا معطلی پر جلد سماعت کی جائے، سزا معطلی درخواست کو اگلے ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے، نیب نے دو بار کہا کہ پراسیکیوٹر تعینات نہیں ہوئے، پھر پراسیکیوٹر نے پیش ہو کر کہا کہ ہمیں وقت دے دیں، پانچ تاریخیں ہو گئیں ہمارا کیس نہیں لگ رہا۔

چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے کہا کہ یہ پرانی باتیں ہو گئی ہیں، یہ کون سی درخواست ہے جو آج فکس ہے؟  

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ہماری جلد سماعت کی دو متفرق درخواستیں ہیں۔

چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی والے میں نوٹس ہوا ہے؟ جس پر  بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ نوٹس تو بہت پہلے ہو چکا، اس کے بعد نیب نے تاریخیں لیں، ہم نے کبھی میڈیکل گراؤنڈ نہیں لیا، بشریٰ بی بی کی طبیعت بھی ٹھیک نہیں ہے، دونوں کو تمام کیسز میں بریت یا ضمانت مل چکی ہے، میں چاہتا ہوں کہ سزا معطلی درخواستوں پر جلد فیصلہ ہو جائے، ہم نے خواتین کے لیے آپ کو ہمیشہ سے نرم گوشہ رکھنے والا پایا ہے، عدالت نے بہت سی آبزرویشنز لکھ دی ہیں، استدعا ہے کیس مقرر کرنے کی تاریخ دے دیں۔

چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ آفس کو کیس جلد مقرر کرنے کی ہدایت کر دی ہے، میں رپورٹ منگوا کر دیکھ لیتا ہوں۔

سلمان صفدر نے کہا کہ اگر آئندہ ہفتے کیس مقرر نہیں ہوتا تو پھر یہ تمام مشق لاحاصل ہے، اگر کیس آئندہ ہفتے مکمل نہ ہوا تو پھر سال کے لیے مقرر نہ ہو، میں نہیں آؤں گا۔

قومی خبریں سے مزید