اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے گزشتہ روز ٹک ٹاکر سامعہ حجاب اغواء کیس میں گرفتار حسن زاہد کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔
اغواء کیس میں ضمانت مسترد ہونے کے بعد پولیس نے ملزم کو دھمکیاں دینے اور نقدی چھیننے کے مقدمے میں گرفتار کرکے عدالت سے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ حسن زاہد کی نشاندہی پر کیس سے منسلک دیگر ملزمان کی مزید گرفتاریاں کی جانی ہیں۔
اس دوران وکیل دفاع نے عدالت کو بتایا کہ حسن زاہد اور شکایت کنندہ سامعہ حجاب کی منگنی ہو چکی ہے۔
حسن زاہد کو اس وقت شالیمار تھانے میں درج دو مقدمات کا سامنا ہے۔
اسلام آباد میں مقیم سوشل میڈیا انفلوئنسر سامعہ حجاب نے حسن زاہد پر الزام عائد کیا تھا کہ حسن زاہد کئی مہینوں سے اسے دھمکیاں دے رہا ہے اور زبردستی شادی کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔