جائیداد کے جاری تنازع کے دوران آنجہانی بھارتی بزنس مین سنجے کپور کی بیوہ پریا سچدیو کپور نے اپنے شوہر کی سابقہ اہلیہ کرشمہ کپور پر زبانی حملہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اربوں روپے کی جائیداد کے تنازع پر بھارتی بزنس مین سنجے کپور کی بیوہ پریا سچدیو اور ان کی سابقہ اہلیہ اور بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے درمیان شدید جنگ چھڑ گئی ہے۔
دہلی ہائی کورٹ میں حالیہ سماعت کے دوران پریا نے کرشمہ پر زبانی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ سنجے نے کرشمہ کو کئی سال پہلے چھوڑ دیا تھا۔
سنجے کی جائیداد پر لڑائی اس وقت تیز ہو گئی جب کرشمہ اور سنجے کے بچوں سمیرا اور کیان نے پریا پر والد کی وصیت میں جعل سازی کر کے انہیں وراثت سے خارج کرنے کا الزام لگایا۔
گزشتہ روز دہلی ہائی کورٹ نے سمیرا اور کیان کی طرف سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں ان کے آنجہانی والد کی جائیداد میں سے حصہ دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
سنجے کی جائیداد پر قانونی تنازع نے کرشمہ، پریا اور ان کی والدہ رانی کے درمیان ایک تلخ خاندانی جنگ کو جنم دیا ہے، جس میں ہر فریق اپنے وکلاء کے ذریعے ایک دوسرے پر حملہ کر رہا ہے۔
سماعت کے دوران پریا نے اپنے وکیل راجیو نیئر کے ذریعے کرشمہ کپور پر پچھلے 15 سال سے سنجے کی زندگی سے غیر حاضر رہنے اور ان کی موت کے بعد اچانک ان کی زندگی میں نمودار ہونے کا الزام لگایا تھا، پریا کی قانونی ٹیم نے زور دیا کہ پریا سنجے کی قانونی طور پر شادی شدہ بیوی تھیں۔
دورانِ سماعت وکیل راجیو نیئر نے کہا کہ پریا سنجے کی قانونی بیوی ہیں، محبت اور الفت کے یہ سب دعوے اس وقت کہاں تھے جب کرشمہ نے سپریم کورٹ میں سنجے سے طلاق کے لیے طویل قانونی جنگیں لڑی تھیں؟ منشیات کے استعمال اور تشدد کے الزامات لگائے تھے۔
وکیل نے کرشمہ سے مخاطب ہو کر کرشمہ اور سنجے کی 2016ء میں ہونے والی طلاق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے شوہر نے آپ کو کئی سال پہلے چھوڑ دیا تھا اور گزشتہ 15 سال سے آپ کہیں نظر نہیں آئی تھیں۔
واضح رہے کہ منگل کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کرشمہ کپور کے بچوں 20 سالہ سمیرا کپور اور 15 سالہ کیان راج کپور نے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے اور اپنے آنجہانی والد کی جائیداد میں حصہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنی درخواست میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے آنجہانی والد سنجے کپور نے انہیں ان کا حصہ دینے کی بار بار یقین دہانی کرائی تھی، تاہم ان کی آخری وصیت میں جائیداد میں ان کے بچوں کا حصہ موجود نہیں۔
سمیرا اور کیان نے اپنی سوتیلی ماں، سنجے کی تیسری بیوی پریا سچدیو کپور پر وصیت میں تبدیلی کرنے کا الزام لگایا ہے۔
یہ مقدمہ پریا کی طرف سے 30 جولائی کو ہونے والی خاندانی میٹنگ میں مبینہ طور پر 21 مارچ کو عمل میں آنے والی وصیت پیش کرنے کے بعد دائر کیا گیا ہے۔
سمیرا اورکیان کی جانب سے جائیداد کی منتقلی یا تصرف پر بھی حکمِ امتناعی کا مطالبہ کیا گیا ہے، کرشمہ کپور اس مقدمے میں مدعی نہیں ہیں، بلکہ اپنے بچوں کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
عدالت نے اب پریا کو سنجے کپور کے تمام منقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں کی فہرست جمع کرانے کی ہدایت کی ہے، اس کیس کی اگلی سماعت 9 اکتوبر کو طے ہے۔
یاد رہے کہ آٹو مینوفیکچرر سونا کامسٹار کے چیئرمین اور بانی سنجے کپور نے اداکارہ کرشمہ کپور سے 2003ء میں شادی کی تھی، ان کے بچے سمیرا اور کیان بالترتیب 2005ء اور 2011ء میں پیدا ہوئے تھے، 2016ء میں تلخیوں کے ساتھ طلاق کے بعد سنجے اور کرشمہ کی ازدواجی زندگی کا سفر اختتام کو پہنچا تھا۔
سنجے کپور نے 2017ء میں پریا سچدیو سے شادی کی تھی، جبکہ سنجے رواں برس جون میں لندن میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے، رپورٹس کے مطابق ان کی جائیداد کی مالیت 30 ہزار کروڑ بھارتی روپے ہے۔