بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں جہیز کے معاملے پر ہراساں کرنے پر 23 سالہ نئی نویلی دلہن نے خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شادی کے صرف 4 ماہ بعد 23 سالہ میوری گورو ٹھوسر نے مبینہ طور پر سسرال والوں کی جانب سے مسلسل ذہنی و جسمانی اذیت اور رقم کے مطالبات کے باعث خودکشی کر لی۔ افسوسناک طور پر یہ واقعہ اس کی سالگرہ کے اگلے ہی دن پیش آیا۔
خاتون کے والدین اور رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد سے ہی میوری پر ظلم و ستم جاری تھا۔ کئی بار صلح صفائی کی کوششیں کی گئیں لیکن ناکام رہیں اور مبینہ طور پر تشدد اور ہراسانی کا سلسلہ نہیں رکا۔
متاثرہ خاتون کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سسرالیوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
میوری کے اہلخانہ نے کہا کہ جب تک ملزمان کو حراست میں نہیں لیا جاتا، پوسٹ مارٹم کی اجازت نہیں دیں گے، تاہم ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ نوئیڈا میں 28 سالہ نکّی بھاٹی کو بھی ان کے سسرالیوں نے مبینہ طور پر زندہ جلا دیا تھا۔ اس بہیمانہ واقعے میں ان کا 7 سالہ بیٹا اور بہن، جو اسی خاندان میں بیاہی گئی تھی، عینی شاہد تھے۔
نکّی بھاٹی آگ میں جھلستے ہوئے زینہ اترتی دکھائی دی تھیں، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، وہ بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی تھی۔