ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ صوبۂ پنجاب میں سیلاب سے تقریباً 5 ہزار دیہات متاثر ہوئے ہیں۔
بہاولپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان کاٹھیا کا کہنا تھا کہ دریائے ستلج اس سیلابی سیزن میں 3 لاکھ 85 ہزار کیوسک تک گیا ہے، اس سال پنجاب کے تین دریا بیک وقت اونچے درجے کے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
اِن کا کہنا تھا کہ جلال پور پیر والا اور مضافاتی علاقوں میں سیلاب سے صورتحال خراب ہوئی ہے، سیلاب کے دوران پنجاب میں 101 افراد جاں بحق ہوئے۔
عرفان علی کاٹھیا نے یہ بھی کہا کہ سیلاب کے دوران پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیا گیا، پنجاب میں اس وقت 483 ریلیف کیمپس سیلاب متاثرین کے لیے سروسز فراہم کر رہے ہیں، پنجاب میں 20 لاکھ مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔