• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سید محمد صوفی نے مجھے ہمیشہ بہت سپورٹ کیا: شاہد آفریدی


سینئر صحافی اور ’جیو نیوز‘ کے اسپورٹس ایڈیٹر سید محمد صوفی  کے  انتقال پر پاکستان ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سمیت دیگر اسپورٹس شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے ایکس پر جاری کیے گئے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ صوفی صاحب انتہائی نفیس شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے ہمیشہ کھیل کے فروغ اور کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے بات کی۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ سید محمد صوفی نے ذاتی طور پر مجھے ہمیشہ بہت سپورٹ کیا، ان کی وفات سے پاکستان میں اسپورٹس کی صحافت کے ایک عظیم باب کا اختتام ہوا ہے، اللّٰہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔

سید محمد صوفی کی تدفین کراچی میں سخی حسن قبرستان میں کر دی گئی، وہ ’جیو نیوز‘، روزنامہ ’جنگ‘ سمیت کئی اخبارات اور رسائل سے منسلک رہے۔

انہوں  نے صحافت کو زندگی کے 60 سال دیے، وہ پاکستان کے سب سے بڑے اردو اخبار جنگ اور سب سے بڑے نیوز چینل جیو سے منسلک رہے۔

سید محمد صوفی اردو صحافت میں استادوں کے استاد تھے، انہوں نے کلب کرکٹ سے ٹیسٹ کرکٹ تک کے میچز کور کیے بلکہ دیگر اسپورٹس کی کوریج میں بھی کمال کام کیا۔

کھلاڑی کے کھیل کی حوصلہ افزائی کیلئے سید محمد صوفی کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا جبکہ ان کی کی آزادیٔ صحافت کے لیے جدوجہد کو بھی کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔

سید محمد صوفی ’جیو نیوز‘ کے اسپورٹس ایڈیٹر اور ملک کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ گروپ سے تین دہائیوں سے بھی زیادہ عرصے وابستہ رہے، سینئر صحافی اور سینکڑوں صحافیوں کے استاد سید محمد صوفی نے اسپورٹس جرنلزم کو نئی جہت سے روشناس کروایا۔

انہوں نے مارشل لاء کے دور میں آزادیٔ صحافت کی جدوجہد کے دوران قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں، 1977ء میں ضیاء الحق کے مارشل لاء کے خلاف گرفتاری دی، کئی ماہ کراچی اور ساہیوال کی جیل میں رہے۔

سید محمد صوفی نے صحافتی کیریئر کا آغاز جونیئر سب ایڈیٹر کی حیثیت سے کیا اور اس شعبے میں ممتاز مقام پایا، انہوں نے منفرد انداز میں اپنی تحریروں اور انٹرویوز سے شہرت حاصل کی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید