پاکستان یوگ آسنا اسپورٹس فیڈریشن نے پہلی مرتبہ ایشیائی چیمپئن شپ میں شرکت کو کامیاب بناتے ہوئے سلور اور برانز میڈل حاصل کرلیے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں محمد شایان سلیم اور محمد وسیم بلوچ نے ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ شایان سلیم نے ٹریڈیشنل کیٹیگری کی جونئیر کلاس میں دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ اور محمد وسیم بلوچ نے آرٹسٹک جوڑی کیٹیگری میں تیسری پوزیشن کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
ایشیائی مقابلوں میں 16 ممالک کے لڑکوں اور لڑکیوں کی ٹیموں نے شرکت کی اور متحدہ عرب امارات کی روایتی مہمان نوازی کا لطف اٹھایا۔ تقریب کے مہمان خصوصی فجیرہ کے ولی عہد شیخ محمد بن حماد الشرقی تھے۔
مختلف ممالک کی شخصیات کو ایشیائی ایکسیلینس ایوارڈ سے نوازا گیا، جس میں پاکستان کے یوگا چاریہ ڈاکٹر وسیم طائی اور پروفیسر سید سخاوت علی بھی شامل تھے۔
پاکستانی یوگا سنا اسپورٹس تنظیم کو بہترین کارکردگی پر ایشیا کی بہترین تنظیم کا خصوصی ایوارڈ دیا گیا ۔
اس موقع پر پاکستان کے مختلف آفیشل نے ججنگ کی ٹریننگ حاصل کر کے ججنگ کے فرائض بھی سر انجام دیے۔ دستہ کے نمایاں آفیشل میں شاہدہ شعیب رضوی، اقبال میمن، محمد سلیم ، محمد اشتیاق کیانی اور میر شاہ محمد شامل تھے۔