اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ اگر آپ کے پاس موبائل فون ہے تو آپ اسرائیل کا ایک ٹکڑا پکڑے ہوئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی یروشلم میں دورے پر آئے امریکی کانگریس کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران نیتن یاہو نے کہا کہ جس کے پاس بھی موبائل فون ہے وہ اسرائیل کے ٹکڑے کا مالک ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے موبائل فون، ادویات اور چیری ٹماٹر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کو اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ وہ اسرائیل سے کتنے فوائد حاصل کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ جو موبائل فون، ادویات استعمال کرتے ہیں، جو چیری ٹماٹر کھاتے ہیں وہ اسرائیل مہیا کرتا ہے اور آپ سمجھتے ہیں کہ اسرائیل تنہا ہوگیا ہے؟
غزہ میں فوجی کارروائیوں کے خلاف بڑھتی ہوئی بین الاقوامی تنقید اور ہتھیاروں کی ترسیل پر پابندیوں کے خلاف نیتن یاہو نے اسرائیل کا دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ممالک نے ہتھیاروں کی ترسیل روک دی، لیکن وہ اس غلط فہمی میں ہیں کہ ہم اس صورتِ حال پر قابو نہیں پاسکتے بلکہ ہم ایسا کر سکتے ہیں کیونکہ ہم ہتھیار بنانے میں اچھے ہیں۔ بالکل اسی طرح جس طرح ہم امریکی انٹیلی جنس کو خفیہ معلومات اور ہتھیاروں کا نظام فراہم کرتے ہیں۔
نیتن ہایو نے مزید کہا کہ مغربی یورپ میں جو سمجھتے ہیں کہ وہ اسرائیل کو تنہا کردیں گے وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔ ہم قدر کرتے ہیں کہ امریکی حمایت اب بھی اسرائیل کے ساتھ برقرار ہے۔