نائجیریا کی معروف شیف ہلڈا باچی نے ایک اور شاندار ریکارڈ اپنے نام کر لیا، انہوں نے لگوس میں 8 ہزار 780 کلوگرام جولوف رائس تیار کرکے دنیا کا سب سے بڑا جولوف رائس بنانے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اس کامیابی کی باضابطہ تصدیق کی اور اسے ’دنیا کی سب سے بڑی نائیجیرین اسٹائل ’جولوف رائس ڈش‘ قرار دیا۔
باچی نے یہ خوشخبری سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک بار پھر یہ کر دکھایا۔
باچی نے تقریباً 5 ٹن باسمتی چاول، 600 کلو پیاز، 750 کلو کھانے کا تیل اور ٹماٹر کی چٹنی میں میرینیٹ کیا ہوا مصالحہ استعمال کیا، جو 20 فٹ چوڑے دیگ نما برتن میں پکایا گیا، اس موقع پر تقریباً 8 ہزار افراد موجود تھے جنہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
یاد رہے کہ ہلڈا باچی نے اس سے قبل 2023ء میں 93 گھنٹے 11 منٹ تک مسلسل پکانے کا ریکارڈ بھی بنایا تھا، جسے بعد میں آئرش شیف ایلن فشر نے توڑ دیا تھا۔
واضح رہے کہ جولوف رائس مغربی افریقی ڈش ہے جو عموماً ٹماٹر کی گریوی میں چاول، گوشت یا مچھلی کے ساتھ تیار کی جاتی ہے۔ اس کی ابتدا قدیم وولوف سلطنت (موجودہ سینیگال، موریتانیا اور گیمبیا) میں ہوئی تھی جہاں 14ویں صدی میں چاول کی کاشت مشہور تھی، وقت کے ساتھ یہ پکوان پورے مغربی افریقہ میں پھیل گیا۔