بالی ووڈ فلم ’سیارہ‘ سے دھماکے دار ڈیبیو کرنے سے بہت پہلے اہان پانڈے نے اپنے آئیڈیل سپر اسٹار شاہ رخ خان کو مزاحیہ انداز میں دلچسپ خراجِ تحسین پیش کیا تھا، یہ ویڈیو دوبارہ سامنے آنے پر مداح انہیں اگلا شاہ رخ خان قرار دے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سالِ رواں بالی ووڈ میں اہان پانڈے کی صورت میں نیا ستارہ چمکا ہے۔
اداکار اہان پانڈے جو اننیا پانڈے کے کزن اور چنکی پانڈے کے بھتیجے ہیں، انہوں نے اپنی ڈیبیو فلم سیارہ ریلیز ہونے پر بھارت بھر میں راتوں رات شہرت کے ریکارڈ قائم کر دیے۔
اہان کی راک اسٹار کرش کپور کے طور پر پرفارمنس، ساتھی اداکارہ انیت پڈا کے ساتھ ان کی دلکش کیمسٹری اور متاثر کن سحر انگیز آنکھوں نے مداحوں کے دل جیت لیے۔
اہان پانڈے کی اصل شخصیت اور مداحوں کے ساتھ میل جول نے انہیں مستقل طور پر پرستاروں کے دلوں میں جگہ دلوا دی ہے۔
سوشل میڈیا پر اب ان کی ایک پرانی ویڈیو سامنے آئی اور وائرل ہو رہی ہے جو اس وقت کی ہے جب انہوں نے اداکاری میں قدم نہیں رکھا تھا۔
فلم سیارہ کے سنیما گھروں میں ریلیز ہونے کے بعد فلم کی تشہیر کے دوران ہدایت کار موہت سوری نے اس ویڈو کو شیئر کیا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ اہان پانڈے شاہ رخ خان کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں۔
فلم ساز نے انکشاف کیا کہ اہان ہر وقت ایس آر کے کے گانے سنتے رہتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں شرٹ لیس اہان اپنے آئیڈیل شاہ رخ کی 1994ء کی کرائم تھرلر فلم ’انجام‘ کے گانے ’بڑی مشکل ہے‘ پر لپ سنک کر کے کنگ خان کو خراجِ تحسین پیش کرتے نظر آ رہے ہیں، اس ویڈیو میں اہان کے تاثرات بالکل درست ہیں جو اس مختصر لیکن دلکش وائرل ویڈیو کو تفریحی بناتے ہیں۔
اس ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں مداحوں نے محبت کی بارش کر دی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے انہیں بہت پیارا، ایکسپریشن کنگ اور پیدائشی اسٹار کے القابات سے نوازا ہے، جبکہ کئی اور مداحوں نے انہیں اگلا شاہ رخ خان بھی قرار دیا ہے۔