• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دعاؤں کی طاقت نے مجھے نئی زندگی دی: ونیزہ احمد

فائل فوٹو
فائل فوٹو

معروف ماڈل و اداکارہ ونیزہ احمد نے اپنی زندگی کے تلخ تجربات اور دعاؤں کی طاقت کے بارے میں بات کی ہے۔

ونیزہ احمد، جو طویل عرصے تک پاکستان کی ٹاپ ماڈلز میں شامل رہیں، بعدازاں بطور اداکارہ بھی مقبول ہوئیں، وہ حال ہی میں ایک پروگرام میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے پہلی بار اپنی ذاتی زندگی کے دکھ بھرے پہلوؤں پر کھل کر بات کی۔

ونیزہ احمد نے بتایا کہ میرے والد کا انتقال اُس وقت ہوا جب میں بچی تھی، جبکہ چند سال قبل میری چھوٹی بہن عائشہ محض 25 سال کی عمر میں ایک حادثے میں جاں بحق ہوگئی، ان صدمات نے مجھے اندر سے بدل دیا۔

انہوں نے بتایا کہ میں اپنے دادا کی وجہ سے ڈاکٹر بننا چاہتی تھی، لیکن والد کے 39 سال کی عمر میں انتقال کے بعد زندگی کا رخ بدل گیا، والد کے انتقال کے بعد والدہ نے ہم تین بہن بھائیوں کی کفالت کے لیے جدوجہد شروع کی، انہوں نے جائیداد کا کام شروع کیا، گھر بنوا کر بیچتی تھیں، ہم نے بھی خود مختاری سیکھ لی، بل دینا، کام کرنا سب خود سیکھا، اگر انسان کمفرٹ زون میں رہے تو اپنی صلاحیتوں کا اندازہ نہیں لگا پاتا۔

اپنی بیماری کے حوالے سے ونیزہ احمد نے کہا کہ ایک وقت تھا جب میں سمجھتی تھی کہ کچھ بھی مجھے گرا نہیں سکتا، مگر ایک سفر کے دوران سر میں مسلسل درد، نظر کی دھندلاہٹ اور یادداشت کم ہونے لگی، جب ٹیسٹ کروائے تو معلوم ہوا کہ مجھے میننجائٹس ہے، علاج کے دوران کینسر سیلز بھی سامنے آئے، میں نے انکار کیا مگر ایک دوست نے مجھے دعاؤں کی ایک کتاب دی، میں نے خاموشی سے وہ دعائیں پڑھنا شروع کردیں، ایک ماہ بعد جب دوبارہ ٹیسٹ ہوا تو رپورٹ بالکل صاف تھی کوئی کینسر نہیں تھا، مجھے یقین ہے کہ یہ دعا کی طاقت تھی۔

ونیزہ احمد نے مزید کہا کہ بعد میں میں نے تحقیق کی تو جانا کہ قرآنی آیات میں شفا ہے، قرآن کی تلاوت خود ایک روحانی علاج ہے، میں ایمان رکھتی ہوں کہ مجھے قرآن کی برکت سے شفا ملی۔

اپنی چھوٹی بہن کی موت پر بات کرتے ہوئے ونیزہ احمد نے کہا کہ ہر شخص نے ایک دن جانا ہے، میری بہن 25 سال کی عمر میں چلی گئی، لیکن اُس نے اپنی زندگی کا مقصد پورا کرلیا، میں نے سمجھا کہ روح جب اپنا کام مکمل کر لیتی ہے تو آگے بڑھ جاتی ہے، اُس کی موت نے مجھے اللّٰہ کے قریب کردیا، ہم اکثر زندگی میں بھول جاتے ہیں کہ یہ دنیا عارضی ہے، اُس حادثے نے مجھے اس حقیقت کا دوبارہ احساس دلایا کہ ایک دن ہم سب نے جانا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ اب زندگی کے ہر لمحے کو شکر کے ساتھ گزارتی ہیں اور دوسروں کو بھی دعا اور صبر کی طاقت پر ایمان رکھنے کا مشورہ دیتی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید