• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکارہ حرا خان نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنانے کا واقعہ سنادیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

معروف پاکستانی اداکارہ حرا خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر چیخ و پکار کے ذریعے ایک ڈاکو کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔

ڈرامہ سیریل میرے ہمسفر سے شہرت پانے والی حرا خان حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کے دوران اس واقعے کی تفصیل بتائی۔

اداکارہ کے مطابق واقعہ لاک ڈاؤن کے دوران کراچی میں پیش آیا، وہ اپنی دو سہیلیوں کے ساتھ ویکسین لگوانے کی لائن میں کھڑی تھیں اور گاڑی کا اے سی خراب ہوگیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اسی دوران ایک شخص میرے قریب آیا اور بولا جو کچھ ہے نکالو، میں اور سہیلیاں گھبرا گئے اور زور سے چلائے ہمارے پاس کچھ نہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ میری ایک دوست فون دینے ہی والی تھی مگر میں نے فوراً ایک لات مار کر اسے روک دیا، جیسے ہی ہم دوبارہ چیخنے لگے تو اردگرد کے لوگ جمع ہوگئے اور وہ شخص خوفزدہ ہو کر موقع سے فرار ہوگیا۔

حرا خان نے مزید بتایا کہ میری سہیلیاں اس وقت لاہور سے کراچی آئی ہوئی تھیں اور خوش قسمتی سے واقعے میں کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔

ان کا کہنا تھا کہ بعد میں ہمیں احساس ہوا کہ وہ شخص بغیر ہتھیار کے تھا اور اگر ہم خوفزدہ ہو کر خاموش رہتیں تو شاید نقصان اٹھاتے۔

اداکارہ نے ناظرین کو مشورہ دیا کہ ایسے مواقع پر ہمت، آواز اور ہوش سے کام لینا بہت ضروری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جاسکے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید