• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ گیم چینجر، بھارت کیلئے سخت پیغام ہے: احسن اقبال

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی، مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا دفاعی معاہدہ ایک حقیقی گیم چینجر ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم سعودی عرب اور مقدس مقامات کو اپنی جان سے بڑھ کر عزیز رکھتی ہے اور سعودی عرب کی حفاظت کو دینی فریضہ سمجھتی ہے، اس لیے یہ معاہدہ ناصرف پاکستان کی سلامتی بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے جو امتِ مسلمہ کے اتحاد کی علامت ہو گا۔

احسن اقبال نے ’جنگ‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے پوری دنیا کو ایک مثبت اور مضبوط پیغام جائے گا خصوصاً بھارت کے لیے یہ واضح پیغام ہے کہ اگر اس نے پاکستان پر حملے کا سوچا تو اسے ناصرف پاکستان بلکہ پوری عرب دنیا کی مخالفت مول لینا پڑے گی کیونکہ پاکستان پر حملہ سعودی عرب پر حملے کے مترادف تصور ہوگا۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک انتہائی مضبوط اور تاریخی پیغام ہے جو خطے میں امن، توازن اور اسٹریٹیجک استحکام کو بھی یقینی بنائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ دفاعی تعاون ناصرف عسکری سطح پر اہم ہوگا بلکہ اس کے معیشت پر بھی دور رس اثرات مرتب ہوں گے، اس معاہدے سے سرمایہ کاری اور اعتماد میں اضافہ ہوگا جس سے پاکستان کی ترقی کے سفر کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اگلے ہفتے چین کا دورہ کر رہے ہیں جہاں سی پیک ٹو کے حوالے سے اہم معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ 

اِن کا کہنا تھا کہ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دے کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کا آہنی بھائی ہے اور آنے والے وقتوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور لے کر آئے گا جس کے تحت توانائی، صنعت اور بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبے مکمل ہوں گے۔ 

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان میں ڈیموں کی تعمیر پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے، دیامیر بھاشا ڈیم پر بھرپور پیش رفت جاری ہے جبکہ قراقرم ہائی وے کو ایک جدید اور نئے طرز پر تعمیر کرنے کے لیے بھی چین کے ساتھ بات چیت ہو رہی ہے جس کی تعمیر عنقریب شروع ہوگی۔ 

اِن کے مطابق یہ منصوبہ شمالی علاقوں میں ترقی، سیاحت اور تجارت کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید