بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو اور ان کی ٹیم پاک بھارت میچ کے بعد پاکستانی ٹیم سے مصافحہ نہ کرنے کے باعث سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں ہے۔
پاکستانی ٹیم سے مصافحہ نہ کرنے والی بھارتی ٹیم کے کپتان نے اب کراچی سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی کو گلے لگا کر ایک بار پھر شہ سرخیوں میں جگہ بنالی۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھارتی کپتان کی ایک تصویر خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ کراچی سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر عامر کلیم کو شاندار کھیل پیش کرنے پر گلے لگاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، جس کے بعد وہ ایک بار پھر تنقید کی زد میں آگے ہیں۔
دراصل مذکورہ تصویر گزشتہ روز ہونے والے بھارت اور عمان کے میچ کے بعد کی ہے اور بھارتی کپتان پر ہونے والی تنقید پاکستانی ٹیم سے مصافحہ نہ کرنے کے سلسلے کی کڑی ہے۔
عمان کے آل راؤنڈر عامر کلیم کا تعلق پاکستان کے شہر کراچی سے ہے، جنہوں نے گزشتہ روز 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کے آخری گروپ میچ میں بھارت نے عمان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔
گوکہ کرکٹ کی دنیا میں مضبوط ٹیم سمجھی جانے والی بھارت نے 21 رنز سے اپنے مقابلِ چھوٹی و کمزور ٹیم عمان کو شکست دی تاہم تمام تعریفیں عمان کے حصے میں آئیں۔
عمان کے بولر شاہ فیصل سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 2 وکٹیں 23 رنز دے کر حاصل کیں جبکہ دیگر بولرز نے بھی درمیانی اوورز میں بھارت کی رفتار کو سست کیا۔
ہدف کے تعاقب میں عمان نے بھی بھرپور مقابلہ کیا اور زبردست انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔ عمان کی جانب سے عامر کلیم اور حماد مرزا نصف سنچریاں بناکر نمایاں رہے۔
عمان کی جانب سے کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑی عامر کلیم کی بہترین پرفارمنس پر بھارتی کپتان نے ناصرف ان کی تعریف کی بلکہ انہیں گلے بھی لگایا جو بھارتیوں کو ایک آنکھ نہ بھایا۔