بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل نے اب تک شادی نہ کرنے کی وجہ بتادی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 50 سالہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ مجھے شادی کے لیے کئی لوگوں نے پیشکش کی اور اب تو میری آدھی عمر کے لوگ بھی مجھے ڈیٹ پر لے جانے کے لیے پوچھتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امیشا پٹیل نے کہا کہ اب تک جن لوگوں نے مجھے شادی کے لیے پیشکش کیں ان کی خواہش تھی کہ میں شادی کے بعد کام نہ کروں اور گھر پر ہی رہوں۔
اداکارہ امیشا پٹیل نے انکشاف کیا کہ میں اب تک اپنی مرضی سے سنگل ہوں اور کئی رشتے اب تک ٹھکرا چکی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ آپ سے محبت کرتے ہیں وہ آپ کے کیریئر کو آگے بڑھنے میں مدد دیتے ہیں۔ میں نے اپنی زندگی میں اپنے کیریئر اور محبت دونوں کے لیے بہت کچھ کھویا ہے اس لیے کسی ایک کے انتخاب کے لیے کسی دوسرے کو نہیں چھوڑ سکتی۔
انہوں نے بتایا کہ فلموں میں قدم رکھنے سے قبل میری زندگی میں ایک شخص تھا، جو جنوبی بمبئی کے ایک بہت بڑے صنعتی گھرانے سے تعلق رکھتا تھا اور اس کی خواہش تھی کہ میں فلموں میں کام نہیں کروں لیکن میرے لیے یہ ممکن نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اب بھی شادی کی آفرز موصول ہوتی ہیں، جو اکثر میری عمر سے آدھی عمر کے مردوں کی طرف سے ہوتی ہیں۔ اگر مجھے کوئی ایسا ملا جو مجھے بالکل ایسے قبول کرے جیسی میں ہوں تو میں ضرور شادی کرلوں گی۔