امریکی ریاست ورجینیا کے ایک باغ نے دنیا کا سب سے وزنی آڑو اگا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
کروزے کے علاقے میں واقع چائلز پیچ آرچرڈ (Chiles Peach Orchard) میں رواں ماہ کے آغاز میں ایک ایسا دیوہیکل آڑو توڑا گیا جس کا وزن 1.83 پاؤنڈ (یعنی تقریباً 830 گرام) نکلا، اس سے قبل ریکارڈ 1.8 پاؤنڈ وزنی آڑو کے پاس تھا۔
باغ کے مالک ہنری چائلز نے مقامی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے خاص طور پر دنیا کا سب سے بڑا آڑو اگانے کی کوشش نہیں کی تھی، بس اتفاق سے اس سال موسم اچھا رہا اور ایک غیر معمولی طور پر بڑا آڑو اگ گیا۔
یہ آڑو ایک مخصوص قسم PF-27A سے تعلق رکھتا ہے، جسے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بھیجا گیا اور ادارے نے تصدیق کے بعد اسے باضابطہ طور پر دنیا کا سب سے وزنی آڑو قرار دیا۔