ٹی ٹوئنٹی ایشیاء کپ کرکٹ کے لیے ایک بار پھر روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج دبئی میں آمنے سامنے ہیں، دبئی پولیس نے کرکٹ شائقین کے لےی پبلک سیفٹی الرٹ جاری کر دیا۔
دبئی میں آج ہونے والے ہائی وولٹج میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاری کی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی فائنل الیون میں دو تبدیلیاں کی جائیں گی، حسن نواز اور خوش دل شاہ کی جگہ حسین طلعت اور فہیم اشرف کو کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
دبئی پولیس نے کرکٹ شائقین کے لیے پبلک سیفٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیڈیم میں داخلے کے دوران تمام حفاظتی ہدایات پر عمل کیا جائے، شائقین اپنے ٹکٹ کی تصدیق ضرور کروائیں اور صرف اسی گیٹ سے داخل ہوں جو ان کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔
دبئی پولیس کے مطابق سیکیورٹی عملے اور منتظمین کی ہدایات پر عمل سب کی حفاظت کے لیے ضروری ہے، شائقین کے تعاون سے ہی ٹورنامنٹ کو محفوظ اور کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔
پولیس کا یہ اسمارٹ الرٹ آٹو میٹک طور پر دبئی اسپورٹس سٹی کی حدود میں موجود ہر شخص کے موبائل فون پر موصول ہوا تاکہ علاقے میں موجود تمام افراد تک پیغام پہنچ سکے۔