بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے خود پر پیسہ کمانے والے کے لگے لیبل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیسہ زندگی میں ایک اہم عنصر ہے اور انسان کو عملیت پسند ہونا چاہیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار اور پروڈیوسر اکشے کمار بھارت میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والی مشہور شخصیات میں سے ایک ہیں۔
وہ آج کل اپنی تازہ ترین فلم ’جولی ایل ایل بی 3‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، حال ہی میں ایک پروگرام ’آپ کی عدالت‘ میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے اس الزام پر تبصرہ کیا کہ وہ صرف پیسہ کمانے والے ہیں۔
گفتگو کے دوران اکشے نے کہا کہ اگر میں نے پیسہ کمایا ہے تو کسی کو لوٹ کر نہیں کمایا، میں نے کام کر کے کمایا ہے، 8 سال سے میں سب سے زیادہ ٹیکس دہندہ رہا ہوں، پیسہ زندگی میں ایک اہم پہلو ہے، جس کے لیے آپ کو عملیت پسند ہونا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ پیسہ کماتا ہوں، ٹیکس دیتا ہوں اور ان پیسوں سے کافی لوگوں کی مدد بھی کرتا ہوں، یہ میرا مذہب ہے، باقی جو چاہے کچھ بھی کہے میں نہیں مانتا، اگر آپ کو فیتے کاٹنے سے پیسہ ملتا ہے تو کیا پرابلم ہے؟ وہ پیسہ دینے کو تیار ہیں؟ جب تک آپ کسی سے چوری نہیں کر رہے، جب تک آپ کسی کو لوٹ نہیں رہے، جب تک آپ محنت کر رہے ہیں تب تک کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
اکشے نے یہ بھی کہا کہ کئی سال پہلے پروڈیوسر کے مالی مسائل کی وجہ سے مجھے ایک فلم کو مکمل کرنے کے لیے خود اپنا ذاتی پیسہ لگانا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ اکشے کمار کی فلم ’جولی ایل ایل بی 3‘ گزشتہ جمعے کو بھارت بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی ہے۔
اس فلم میں ارشد وارثی اور سوربھ شکلا بھی اہم کرداروں میں ہیں، فلم نے اب تک باکس آفس پر 45 کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کی کمائی کر لی ہے۔