• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیروز خان اور ڈاکٹر زینب کی بگڑتی شادی شدہ زندگی کی افواہوں کی حقیقت سامنے آگئی

فائل فوٹوز
فائل فوٹوز

 معروف اداکار فیروز خان ایک بار پھر اپنی ذاتی زندگی کے باعث خبروں میں ہیں۔

 پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے صفِ اول کے اداکار فیروز خان ناصرف اپنی اداکاری بلکہ تنازعات کی وجہ سے بھی اکثر سرخیوں میں رہتے ہیں، ابتدائی طور پر ان کے اداکارہ سجل علی کے ساتھ تعلقات کی افواہیں زیرِ گردش رہیں، تاہم دونوں کے درمیان راہیں جدا ہوگئیں۔ 

کچھ عرصے بعد فیروز خان نے اچانک شادی کر کے مداحوں کو حیران کردیا، ان کی پہلی اہلیہ سیدہ علیزہ سلطان کا تعلق شوبز سے نہیں تھا، مگر یہ شادی ناخوشگوار انجام پر پہنچی اور دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔

بعدازاں فیروز خان نے ڈاکٹر زینب فیروز سے دوسری شادی کی، دونوں کو اکثر سوشل میڈیا پر ایک ساتھ دیکھا گیا، یہاں تک کہ زینب فیروز خان کے بچوں کے ساتھ بھی وقت گزارتی نظر آئیں، تاہم کچھ عرصہ قبل فیروز خان نے اچانک انسٹاگرام اسٹوری پر زینب کے خلاف ایک طویل پیغام پوسٹ کیا، جس کے بعد قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ ان کے درمیان معاملات درست نہیں، بعدازاں اداکار نے وہ پوسٹ ڈیلیٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا۔

اب ایک مرتبہ پھر دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبریں سامنے آئی ہیں، سوشل میڈیا پیج Shadab Hussain Siddiqui Blogs نے ایک مبینہ انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی، جسے ڈاکٹر زینب فیروز کی جانب سے پوسٹ قرار دیا گیا، اس پوسٹ میں مبینہ طور پر زینب نے فیروز خان سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایسے شخص کے ساتھ مزید نہیں رہ سکتیں جو ان پر اعتماد نہیں کرتا، انہوں نے الزام لگایا کہ فیروز کے برے رویے نے اُن کے تمام اچھے لمحات کو ماند کردیا ہے اور وہ اب اپنے ذہنی سکون کی خاطر اس رشتے کو ختم کر رہی ہیں۔

یہ پوسٹ وائرل ہونے کے بعد ڈاکٹر زینب فیروز نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے وضاحت دی کہ یہ تمام خبریں جھوٹی ہیں، انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ براہِ کرم ایسے پیجز کو ان فالو یا رپورٹ کریں، جو جھوٹی خبریں پھیلا کر دوسروں کے ذہنی سکون کو متاثر کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ یہ لوگ ایسی اسٹوریز تک کیسے پہنچ جاتے ہیں جو میں نے کبھی پوسٹ ہی نہیں کیں، یا جو میرے فالوررز کو دکھائی ہی نہیں دیتیں، یہ رویہ خوفناک اور قابلِ شرم ہے۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب فیروز خان اور زینب فیروز کے درمیان اختلافات کی خبریں منظر عام پر آئی ہوں، اس سے قبل اکتوبر میں بھی فیروز خان نے ایک اسٹوری میں اشارہ دیا تھا کہ وہ ایک ایسے رشتے میں ہیں جسے وہ ختم سمجھتے ہیں، انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ان پر اپنی والدہ اور بہن سے دور رہنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا اور انہیں جھوٹے الزامات کی دھمکیاں دی گئیں۔

فیروز خان نے یہ بھی اعتراف کیا تھا کہ وہ اب نفسیاتی علاج اور دوائیں لے رہے ہیں کیونکہ بعض لوگ ان کی عزت اور کیریئر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، باوجود اس کے کہ وہ ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ پیشہ ورانہ اور باعزت رویہ برقرار رکھیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید