بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان آج اپنی 60 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
شاہ رخ خان گزشتہ 3 دہائیوں سے بھارتی سنیما انڈسٹری پر راج کر رہے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب ماضی کی ہیروئن ہیما مالنی نے انہیں ’بدصورت‘ کہا تھا۔
جی ہاں، بالی ووڈ کی ڈریم گرل ہیما مالنی نے شاہ رخ خان کو بدصورت کہنے کے بعد اپنی ہی فلم میں 50 ہزار روپے معاوضے کے عوض سائن کیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ساز وویک واسوانی کا کہنا ہے کہ 1992 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دیوانہ‘ سے ڈیبیو کرنے والے شاہ رخ خان کو اپنی اگلی فلم کے لیے جدوجہد کرنا پڑی تھی، اس دوران وہ میرے گھر پر رہتے تھے۔
انہوں نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ کس طرح ہیما مالنی نے شاہ رخ خان کو فلم دل آشنا ہے کے لیے سائن کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ اس وقت کی بات ہے جب میں شاہ رخ خان کو ایک بڑا بریک دلانے کی کوشش کر رہا تھا اسی دوران ایک روز ہیما مالنی نے کال کر کے مجھے اور شاہ رخ خان کو اپنے گھر بلایا اور فلم کی پیشکش کی۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ ہیما مالنی اس سے قبل شاہ رخ کو بدصورت کہہ چکی تھی، اس لیے میں نے دریافت کیا کہ وہ شاہ رخ کو کاسٹ کیوں کرنا چاہتی ہیں، جس پر انہوں نے بتایا کہ کیونکہ سلمان اور عامر اس فلم کے لیے انکار کر چکے ہیں۔
وویک واسوانی نے بتایا کہ میں کنگ خان جیسے لوگوں کو بریک دلانے کے لیے اکثر جھوٹ بولا کرتا تھا، اس وقت میں نے ہیما مالنی سے کہا تھا کہ شاہ رخ کو راکیش روشن اور رمیش سپی نے بھی کاسٹ کیا ہے۔