بالی ووڈ اداکارہ کیارا ایڈوانی نے بچے کی پیدائش کے بعد پہلی فلم سائن کر لی، وہ سدھارتھ پی ملہوترا کی ہدایت میں بننے والی فلم ’کمال اور مینا‘ میں لیجنڈری اداکارہ و ٹریجڈی کوئین مینا کماری کا کردار نبھائیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی شوٹنگ 2026ء میں شروع ہو گی، جو بالی ووڈ کی ٹریجڈی کوئین مینا کماری کی سوانحی فلم ہے، اس فلم کو بنانے کا اعلان سدھارتھ پی ملہوترا نے گزشتہ برس کیا تھا۔
فلم بین اسی وقت سے یہ جاننے کے لیے متجسس تھے کہ کون سی اداکارہ اس فلم میں مینا کماری کا کردار نبھائیں گی۔
گزشتہ چند ماہ کے دوران کیارا ایڈوانی اور کریتی سینن کے نام اس کردار کے لیے زیرِ غور رہے اور بالآخر کیارا کے نام اس فلم میں مرکزی کردار ادکار نے کے لیے قرعہ فال نکل ہی آیا۔
یہ کیارا کی رواں برس جولائی میں اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے بعد پہلا فلم پروجیکٹ ہے جس کی شوٹنگ اگلے برس شروع ہو گی۔
فلم ’کمال اور مینا‘میں مینا کماری کا کرداری نبھانے کے لیے کیارا ایڈوانی کو تیاری کے لیے کافی وقت مل جائے گا، کیونکہ انہیں اپنی اردو کی ادائیگی درست کرنے کے لیے بنیادی باتیں سیکھنی ہوں گی، فی الحال فلم کے لیے کیارا کے مدِمقابل مرکزی مرد اداکار کی تلاش جاری ہے۔
سدھارتھ پی ملہوترا نے گزشتہ سال ستمبر میں فلم ’کمال اور مینا‘ کا ٹیزر شیئر کیا تھا اور بتایا تھا کہ فلم کاسٹنگ کے مرحلے میں ہے۔
انہوں نے کیپشن میں لکھا تھا کہ کمال صاحب اور مینا جی کے ایک دوسرے کو ہاتھ سے لکھے گئے 500 سے زائد خطوط اور ان دونوں کی ذاتی ڈائریوں تک رسائی کی وجہ سے ہمیں یہ کہانی سنانے کا انمول موقع ملا ہے، یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہے کہ میں اس ناقابلِ یقین سچی کہانی کا ہدایت کار ہوں۔
اداکارہ کیارا ایڈوانی نے رواں سال جولائی میں ایک بیٹی کو جنم دیا ہے، انہیں آخری بار ریتک روشن کے ساتھ فلم ’وار 2‘ میں دیکھا گیا تھا۔
وہ اب یش، نین تارا اور دیگر اداکاروں کے ساتھ فلم ’ٹوکسک: اے فیری ٹیل فار گروون اپس ‘میں نظر آئیں گی۔