بالی ووڈ کے معروف پلے بیک سنگر کمار سانو کی ذاتی زندگی اکثر خبروں میں رہتی ہے۔ اب ان کی سابقہ اہلیہ ریٹا بھٹاچاریہ نے ان پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں ریٹا بھٹاچاریہ نے الزام لگایا ہے کہ جب وہ اپنے بیٹے جان کمار سانو کی پیدائش سے قبل حاملہ تھیں تو کمار سانو اور ان کے اہل خانہ نے ان پر ظلم کیا۔
ریٹا نے یہ بھی کہا کہ فلم عاشقی سے شہرت حاصل کرنے کے بعد کمار سانو کا رویہ ان کے ساتھ بالکل بدل گیا تھا۔ ریٹا کا کہنا تھا کہ کمار سانو میرے حوالے سے شک کیا کرتے تھے اور گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں دیتے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کمار سانو کی بہن، اپنے شوہر اور بچوں کو چھوڑ کر ان کے ساتھ رہنے آ گئی تھیں، ریٹا نے الزام لگایا کہ ان دونوں (کمار سانو اور ان کی بہن) نے ان پر ظلم کیا۔
ریٹا نے کہا کہ انہوں نے مجھے دوران حمل عدالت میں گھسیٹا، اس وقت وہ ایک افیئر میں بھی ملوث تھے، جو اب سب کے سامنے آ چکا ہے، ہمارے بیٹے جان کی پیدائش سے قبل تو کمار سانو نے مجھے دوران حمل کھانے تک سے محروم رکھا۔ جب وہ گھر سے باہر جاتے تو کچن کی شیلف کو تالا لگا دیتے۔
یاد رہے کہ ریٹا اور کمار سانو کی پہلی ملاقات کولکتہ میں ہوئی اور وہ ایک دوسرے سے محبت کرنے لگے تھے۔ دونوں نے 1980 کی دہائی کے آخر میں گھر والوں کی رضامندی کے بغیر شادی کی، تاہم بعد میں خاندان والوں نے شادی قبول کر لی تھی، ان کے تین بچے ہیں اور 1994 میں ان کی طلاق ہو گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق شادی کے دوران ہی کمار سانو کا اداکارہ کُونکی سدانند کے ساتھ افیئر بھی تھا۔ کُونکی نے بعد میں ’’بگ باس 19‘‘ میں اعتراف کیا تھا کہ ان کا چھ سال تک ایک شادی شدہ مرد کے ساتھ تعلق رہا۔