وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ افغانستان حکومت چاہتی ہے کہ یہ مسئلہ حل ہو، ان سے مثبت پیغام آیا ہے، افغانستان سے بات کرنے وفد جائے گا۔ افغانستان حکومت اور صوبائی حکومت مذاکرات کریں گی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن کے تجربات سے کام نہیں ہوا، ہم نے مذاکرات کی بات کی، وفاق نے کہا افغانستان وفد بھیجنے کے لیے اپنے بندوں کے نام دیں، ہم وفاق کو اپنے بندوں کے نام بھیج دیں گے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ افغانستان سے بات چیت کی پیشکش کی، وفاق کی جانب سےتنقید کی گئی، یہ وفاق کا مینڈیٹ ہے اور ہم نے ان سے بات کی ہے، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی وفاق کا اور فوج کا مینڈیٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف تمام کیسز بےبنیاد ہیں، ملک کے اندر لاقانونیت ہے، آزادی کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ جلسہ کریں گے اور ہم ثابت کریں گے کہ پوری قوم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے، ادارے آئین کے مطابق کام کریں، عوام کی حقیقی جنگ لڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ میچ عام میچ نہیں ہوتا، ہمیں افسوس ہے کہ ہم بار بار کرکٹ میچ ہار رہے ہیں۔ محسن نقوی نے اداروں کا برا حال کیا ہوا ہے، کرکٹ ٹیم کو بھی انہوں نے ہی تباہ کیا ہوا ہے۔