پاکستان کے اسمگلنگ کے خلاف اقدامات کے باوجود افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں اضافہ جاری ہے، اگست 2025ء میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں سالانہ بنیادوں پر 13 فیصد اضافہ ہوا۔
ذرائع وزارت تجارت کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر اگست 2025ء میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ 8 فیصد بڑھ گئی، جبکہ پاکستان کے راستے افغان برآمدات میں 118 فیصد اضافہ ہوا، جولائی اور اگست میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ 20 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز رہیں، گزشتہ سال جولائی اگست میں حجم 19 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز تھا، اگست 2025ء میں حجم 10 کروڑ 86 لاکھ ڈالرز رہا، جبکہ جولائی 2025ء میں حجم 10 کروڑ 4 لاکھ ڈالرز تھا، اگست 2024ء میں حجم 9 کروڑ 45 لاکھ ڈالرز تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو مالی سال کے دوران افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، پاکستان نے ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں اسمگلنگ کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے، افغانستان کی 2 سال میں پاکستان سے ٹرانزٹ ٹریڈ درآمدت 6 ارب 7 کروڑ ڈالرز کم ہوئیں، مالی سال 25-2024 میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا حجم کم ہوکر ایک ارب 3 کروڑ ڈالرز ہوگیا تھا، جبکہ مالی سال 23-2022 میں حجم 7 ارب 10 کروڑ ڈالرز تھا۔
وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق مالی سال 25-2024 میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں ایک ارب 86 کروڑ ڈالرز کی کمی ہوئی، مالی سال 24-2023 میں 4 ارب 21 کروڑ ڈالرز کمی ہوئی تھی۔