پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر فخر زمان مکمل طور پر فٹ ہیں، آج رات بھی میڈیکل ٹیم اُن کا معائنہ کرے گی ۔
ابوظبی میں منگل کو سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان کو فاسٹ بولر دوسرے اوور کی تیسری گیند پر دشمناتھا چمیرا کی تیز گیند ہیلمٹ پر لگی تھی۔
فخر زمان کو جس کے بعد طبی امداد دی گئی، میچ میں انہوں نے 19 گیندوں پر 17 رنز کی باری کھیلی۔
اوپننگ بیٹر کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ وہ اب بھی میڈیکل ٹیم کی زیرِ نگرانی ہیں، فخر زمان نے سر میں تکلیف یا درد کی تا حال کوئی شکایت نہیں کی۔
رات کو سونے کے بعد جب وہ صبح اٹھے، تب بھی انہوں نے سب اچھا ہے کی رپورٹ دی ہے۔
آئی سی سی کے قواعد و ضوابط کے تحت سر پر گیند لگنے کے بعد 18 سے 20 گھنٹے کھلاڑی کو زیرِ نگرانی رکھا جاتا ہے۔
میڈیکل ٹیم دبئی میں آج رات پھر فخر زمان سے بات چیت کرئے گی، تاہم اطلاعات یہی ہیں کہ فخر زمان خیریت سے ہیں اور جمعرات کو بنگلا دیش کے خلاف میچ میں حصہ لیں گے۔