پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر صائم ایوب ایشیا کپ کی 6 اننگز میں 4 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد وہ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔
دبئی میں کھیلے جانیوالے ایشیا کپ کے اہم ترین میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو مشکلات میں ڈال دیا۔
پہلے ہی اوور میں پاکستان کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گری، صاحبزادہ فرحان 4 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، جس کے فوراً بعد ہی صائم ایوب بھی صفر پر کیچ دے بیٹھے۔
5 کے مجموعے پر صائم ایوب کریز سے باہر نکلے مگر گیند کو صحیح سے نہیں کھیل سکے اور مڈ آن پر کیچ دے کر آؤٹ ہو گئے۔صائم ایوب کا ایشیا کپ میں چھ اننگز میں چوتھا "ڈک" تھا۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں زیادہ ڈکس بنانے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں عمر اکمل شامل ہیں، جو 10 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں، جبکہ صائم ایوب 9 ویں بار صفر پر آؤٹ ہوکر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
شاہد آفریدی 8 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
مسلسل صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد صائم ایوب نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک کلینڈر ائیر میں سب سے زیادہ صفرپر آؤٹ ہونے کا ورلڈ ریکارڈ برابر کر دیا۔
صائم ایوب 2025 میں سب سے زیادہ 6 بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل زمبابوے کے رچرڈ نگاروا 2024 میں ٹی ٹوئنٹی میں 6 مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے تھے۔