• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی20 ایشیا کپ: بنگلادیش کو ہرا کر پاکستان فائنل میں، اتوار کو بھارت سے ٹاکرا

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ایشیا کپ میں سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بنگلادیش کو 11 رنز سے ہرا کر پاکستان فائنل میں پہنچ گیا، اتوار کو بھارت سے ٹاکرا ہوگا۔

شاہین شاہ آفریدی آل راؤنڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

دبئی میں کھیلے گئے سپر فور مرحلے کے انتہائی اہم میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر مقررہ 20 اوورز میں 135 رنز بنائے۔ اگرچہ ابتدائی بلے باز ناکام رہے، مگر نچلے آرڈر نے کچھ ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو ایک قابلِ دفاع ہدف تک پہنچا دیا۔

جواب میں بنگلادیش کے اوپنرز اور مڈل آرڈر پاکستان کے اسپنرز کے سامنے بے بس نظر آئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے پاور پلے میں دو شکار کیے جبکہ صائم ایوب نے درمیان کے اوورز میں 2 اہم وکٹیں لے کر بنگلہ دیش کا رن ریٹ قابو سے باہر کردیا۔

پاکستان کی شاندار بولنگ کے باعث 135 رنز بھی کافی ثابت ہوئے اور یوں گرین شرٹس نے ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل میں بھارت کے ساتھ بڑا مقابلہ طے کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 136 کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی پہلی وکٹ صرف ایک رن پر گرگئی، پرویز حسین ایمون صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

بنگلا یش کی دوسری وکٹ 23 رنز پر گری، توحید ہریدوئے 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، تیسرے آؤٹ ہونے والا بیٹر سیف حسن تھے جو  18رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اس وقت بنگلادیش کا اسکور 26 رنز تھا۔

جب بنگلادیش کا اسکور 44 ہوا تو مہدی حسن نے بھی پویلین کی راہ لی، انہوں نے 11 رنز بنائے۔ 63 رنز پر بنگلادیش کی پانچویں وکٹ گری، نور الحسن 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ذاکر علی 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 73 رنز تھا۔  شمیم حسین عمدہ اننگز کھیل کر 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ یوں بنگلادیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 124 رنز بناسکی۔

شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ صائم ایوب نے 2 جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل دبئی میں کھیلے جانیوالے ایونٹ کے اہم ترین میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔

پہلے ہی اوور میں پاکستان کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گری، صاحبزادہ فرحان 4 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، جس کے فوراً بعد ہی صائم ایوب بھی صفر پر کیچ دے بیٹھے۔

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی 

پاکستان کی تیسری وکٹ 29رنز پر گری، جب اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں فخر زمان 13رنز بنا کر باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

حسین طلعت صرف 7 رنز پر اپنی وکٹ رشاد حسین کو دے بیٹھے، پانچویں وکٹ 49 رنز پر گری کپتان سلمان آغا 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

شاہین شاہ آفریدی نے 13ویں اوور میں اننگز کا پہلا چھکا لگایا، مگر اگلے اوور میں تسکین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

آل راؤنڈر شاہین شاہ آفریدی تیز کھیلنے کی کوشش میں 19 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے، اس وقت پاکستان کا اسکور 71 رنز تھا۔ ساتویں وکٹ 109رنز پر گری، محمد حارث 31 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

مجموعی اسکور میں صرف 11 رنز کے اضافے پر محمد نواز 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ یوں پاکستان کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بناسکی۔


فوٹو : اے ایف پی
فوٹو : اے ایف پی 

بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد 3 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے، مہدی حسن اور رشاد حسین نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مستفض الرحمٰن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، اگر ٹاس جیت لیتے تو بیٹنگ کرتے۔

بنگلا دیش کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی تھیں، سیف الدین، نسیم اور تنزید ڈراپ کردیے گئے ان کی جگہ مہدی حسن، تسکین احمد اور نور کی واپسی ہوئی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید