وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے پاکستان میں کیمبرج اسیسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن (CAIE) کی کنٹری ڈائریکٹر عظمیٰ یوسف نے وفد کے ساتھ ملاقات کی۔
اس موقع پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد علی عباسی سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔ ملاقات میں سندھ کے تعلیمی ڈھانچے میں بہتری، خصوصاً کریکولم ڈیولپمنٹ، اساتذہ کی تربیت (ٹیچرز ٹریننگ)، فاؤنڈیشنل لرننگ اور اسسمنٹ ریفارمز جیسے شعبوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس مقصد کے لیے ایک جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا گیا جو مستقبل میں عملی اقدامات اور سفارشات تیار کرے گا۔
وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ کے سرکاری اسکولوں میں کیمبرج انٹرنیشنل ایگزامینیشنز متعارف کروانے کے لیے سنجیدہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے صوبہ کے ہر ضلع کے کم از کم ایک سرکاری اسکول میں او لیول اور اے لیول سطح کے مضامین شروع کیے جائیں گے تاکہ اسکولز کا معیار بہتر کرنے کے ساتھ پسماندہ طبقات کے طلبہ کو جدید اور عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی آسان بنائی جائے۔
انہوں نے کہا ہم نہیں چاہتے کہ صلاحیتوں والے بچے صرف وسائل کی کمی کے باعث آگے نہ بڑھ سکیں۔ اس لیے حکومت ان کی مدد کرے گی تاکہ وہ امتحان کی تیاری اور رجسٹریشن کے اخراجات برداشت کر سکیں۔
اس موقع پر کیمبرج کی کنٹری ڈائریکٹر عظمیٰ یوسف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب سے اہم پہلو اساتذہ کی تربیت ہے۔ ان کے مطابق او لیول پروگرام شروع کرنے کے لیے ارلی چائلڈ ایجوکیشن سے لے کر آٹھویں جماعت تک کئی اصلاحات کی ضرورت کرنی ہوگی تا کہ بچے اس نظام کے لیے ذہنی اور تعلیمی طور پر تیار ہو سکیں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کیمبرج انٹرنیشنل ایگزامینیشنز سندھ حکومت کو ہر ممکن تعاون اور مشاورت فراہم کرے گا، تاکہ صوبے کے طلبہ عالمی معیار کی تعلیم کے ثمرات حاصل کر سکیں۔
انہوں نے اساتذہ کی تربیت کو سب اہم سسٹینیبل گول سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے دیرپا نتائج ملتے ہیں۔ ملاقات میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔