ڈرائیور کے بغیر چلتی گاڑیاں اب صرف کسی سائنس فکشن فلم تک محدود نہیں رہیں بلکہ حقیقت میں تبدیل ہوگئی ہیں۔
دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے مطابق 2026ء کی پہلی سہ ماہی میں ابتدائی ٹیسٹنگ مکمل ہونے کے بعد وہاں کی سڑکوں پر لوگ بغیر ڈرائیور کے ٹیکسیاں چلتے دیکھ سکیں گے۔
آر ٹی اے کی پبلک ٹرانسپورٹ ایجنسی میں ٹرانسپورٹیشن سسٹمز کے ڈائریکٹر خالد العوادی نے تصدیق کی کہ جمیرہ سمیت منتخب علاقوں میں پہلے سے ہی ان ٹیکسیوں کی ٹیسٹنگ جاری ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ ٹرائلز رواں سال کے آغاز میں گاڑیاں بنانے والی مشہور کمپنیوں پونی اے آئی، بائی ڈو اور وی رائیڈ کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔
خالد العوادی نے دبئی ورلڈ کانگریس اینڈ چیلنج فار سیلف ڈرائیونگ ٹرانسپورٹ کے دوران کہا کہ خیال یہ ہے کہ 2026 کی پہلی سہ ماہی تک دبئی میں روبوٹیکسی سروسز کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا اور یہ عوام کے لیے دستیاب ہوں گی۔
پونی اے آئی، بائی ڈو اور وی رائیڈ کی جانب سے حفاظتی جائزہ مکمل ہونے کے بعد روبوٹیکسی کے ابتدائی ٹرائلز دبئی سلیکون اویسس میں کیے گئے تھے۔
اس کے بعد سے بائی ڈو اور وی رائیڈ نے ان ٹرائلز کو شہر کے مصروف علاقوں میں تک بڑھا دیا گیا جس میں مجموعی طور پر 60 گاڑیوں کا انتخاب کیا گیا جن میں سے 50 گاڑیاں بائی ڈو اور 10 گاڑیاں وی رائیڈ کی ہیں۔
آر ٹی اے نے روبوٹیکسی کے ٹرائلز کے لیے خصوصی اجازت نامے جاری کیے ہیں، ٹیکنیکل ٹیمز اور آزاد کنسلٹنٹس ٹرائل کے عمل کے ہر مرحلے کی نگرانی کر رہے ہیں۔