• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مستونگ پولیس کے ڈی ایس پی رفیق حمزہ حب سے مستونگ آتے ہوئے لاپتہ ہوگئے

مستونگ پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) رفیق حمزہ حب سے مستونگ آتے ہوئے راستے میں لاپتہ ہوگئے، 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود ان کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔

پولیس حکام کے مطابق ڈی ایس پی مستونگ رفیق حمزہ ضلع آواران میں آبائی گاؤں مشکے میں اپنی والدہ کی تدفین اور  فاتحہ خوانی کے بعد آواران سے واپس حب چوکی آئے تھے اور جمعرات کی دوپہر حب چوکی سے اپنی ڈیوٹی کے لیے مستونگ روانہ ہوئے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق وہ سوراب تک پہنچ گئے تھے تاہم اس کے بعد سے ان کا کوئی رابطہ نہیں ہوا اور ان کے موبائل نمبر بھی بند ہیں۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر مستونگ بہرام سلیم کا کہنا تھا کہ ڈی ایس پی رفیق حمزہ کی گمشدگی کی اطلاعات ہیں، اس حوالے سے معلومات کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب  ضلع نوشکی کے بازار میں پولیس موبائل کے قریب دستی بم کا دھماکا ہوا، نوشکی کے ڈبل روڈ پر پولیس اہلکار چیکنگ میں مصروف تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر دستی بم پھینکا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ایک راہ گیر عبدالناصر جان بحق اور 5  پولیس اہلکاروں سمیت 8 افرادزخمی ہوگئے، پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے، زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال نوشکی منتقل کر دیا گیا، جہاں ایک پولیس اہلکار کی حالت نازک بتائی جاتی ہے،  دھماکے کے تین زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید