• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرمایہ کاری کیلئے محفوظ پاکستان چاہتے ہیں، طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں سرمایہ کاری کے لیے محفوظ پاکستان ہو۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو میں طلال چوہدری نے کہا کہ صوبائی حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، پاکستان کا بہت بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018ء میں ملک سے دہشت گردی ختم ہوچکی تھی، چاہتے ہیں سرمایہ کاری کے لیے محفوظ پاکستان ہو، بتایا جائے کہ کیا دہشت گردی کی روک تھام کے لیے سیاسی جماعتوں نے اپنا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے؟

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ اس وقت کوئی کمی ہے تو سیاسی حکومتوں کی کوتاہیاں شامل ہیں، نواز شریف کے دور میں نیشنل ایکشن پلان بنا اور پی ٹی آئی دور میں اسکو ریوائز کیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ مجھے بتائیں کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے دہشت گردی ختم کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے؟ ہم افغانستان سے بات چیت کر رہے ہیں، لیکن نتیجہ کیا ہے؟

طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی ذمے داری ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے پیچھے کھڑی ہو، گولی چلانے والوں سے گولی کے ذریعے ہی بات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ہمارے جوانوں کو قتل کر رہے ہیں، ان سے کیسے بات ہو، جو ہمارے سپاہیوں، بچوں کو شہید کر رہے ہیں، کیا ان سے بات کریں؟

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ کرک میں 17 خوارج ہلاک اور 6 سے زائد گرفتار ہوئے ہیں، پنجاب میں بھی وزیراعلیٰ جلسے کر رہی ہیں وہاں پر جنگ کا اعلان یا بڑھکیں نہیں ماری جاتیں۔

قومی خبریں سے مزید