• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اماراتی وزیر خارجہ کی اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات

فوٹو: اماراتی میڈیا
فوٹو: اماراتی میڈیا 

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید النہیان اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی نیو یارک میں ملاقات ہوئی، اماراتی حکام نے غزہ میں جنگ بندی پر زور دیا۔

اماراتی سرکاری میڈیا کے مطابق شیخ عبد اللّٰہ بن زاید النہیان کی نیو یارک میں جاری 80ویں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر سفارتی اہلکار و دیگر وزراء بھی موجود تھے۔

ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور غزہ میں جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ 

شیخ عبد اللّٰہ بن زاید نے غزہ میں جاری خونریزی کو فوری ختم کرنے، مستقل اور پائیدار جنگ بندی قائم کرنے، مزید انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے اور غزہ میں شہریوں کو درپیش ہولناک حالات کا خاتمہ کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

اماراتی حکام نے غزہ میں ہنگامی انسانی صورتحال کی طرف بھی توجہ دلائی اور تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے انسانی امداد کی بلا روک ٹوک اور پائیدار فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

دوسری طرف اس ملاقات کے حوالے سے سرکاری طور پر اسرائیل کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

اسرائیلی حملے مزید شدت اختیار کر گئے، 70 سے زائد فلسطینی شہید

خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے مسلسل شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، اسرائیلی فوج نے زمینی حملوں میں آج بھی 70 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔

غزہ سٹی میں اسرائیلی زمینی چڑھائی کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے، کیونکہ اس سے عام شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک اسرائیل کے غزہ پر جنگی حملوں میں کم از کم 65,549 فلسطینی شہید اور 167,518 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ  ہزاروں افراد کے تا حال ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید