قومی ٹیم کے فاسٹ بالر حارث رؤف پر عائد 30 فیصد جرمانے سے متعلق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا باضابطہ اعلان تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پیغام جاری کیا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں پوچھا کہ آپ کو اپنے فیصلوں پر متوازن وضاحت دینے کے لیے مزید کتنا وقت درکار ہے؟
واضح رہے کہ محسن نقوی کا یہ ٹوئٹ اس وقت سامنے آیا ہے جب 24 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود حارث رؤف پر عائد جرمانے کا اب تک باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ 2025 کے سُپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں پاک بھارت ٹاکرے کے دوران متنازع اشاروں پر صاحبزادہ فرحان کو وارننگ دی گئی تھی اور حارث رؤف پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا جبکہ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو پر بھی سیاسی بیان دینے پر 30 فیصد جرمانہ عائد ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی حارث رؤف کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دینے کے فیصلے کے خلاف اپیل کرے گا۔ اگر اپیل کے بعد بھی سزا برقرار رہتی ہے تو چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ذاتی طور پر حارث رؤف پر عائد جرمانہ ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کا آخری اور فیصلہ کُن میچ آج دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔