بڑے ہوں یا بچے، بسکٹ سبھی کو پسند آتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ کبھی یہ ناشتے کا حصہ بنتے ہیں تو کبھی شام کی چائے کے ساتھ کھائے جاتے ہیں۔
لیکن کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ ان بسکٹس، خاص طور پر کریم اور ڈبوں والے بسکٹ پر بنے چھوٹے چھوٹے سوراخ آخر کیوں ہوتے ہیں؟
اکثر لوگ ان سوراخوں کو صرف ڈیزائن سمجھ کر نظرانداز کر دیتے ہیں، حالانکہ یہ بسکٹ کی تیاری میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان سوراخوں کو ڈوکر ہولز کہا جاتا ہے، ان کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ بیکنگ کے دوران بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے پیدا ہونے والی بھاپ ان سوراخوں کے ذریعے باہر نکل سکے۔
اگر یہ بھاپ باہر نہ نکلے تو بسکٹ کے پھٹنے یا اس میں دراڑیں پڑنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اسی لیے بیکنگ کے دوران خصوصی مشینری استعمال کی جاتی ہے جو بسکٹ کے آٹے کے مطابق ان سوراخوں کے سائز اور جگہ کو نہایت احتیاط سے طے کرتی ہے۔
دلچسپ پہلو یہ ہے کہ آٹے کی ساخت سوراخوں کی بناوٹ کا تعین کرتی ہے، نرم آٹے میں یہ سوراخ سانچوں کے ذریعے بنائے جاتے ہیں جبکہ سخت آٹے کے لیے ڈوکرنگ رولرز کا سہارا لیا جاتا ہے۔