• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین: کنویں میں گرنے والی خاتون کو 54 گھنٹے بعد زندہ نکال لیا گیا

تصویر:بین الاقوامی میڈیا
تصویر:بین الاقوامی میڈیا

چین کے صوبے فوجیان میں 48 سالہ خاتون جنگل میں چہل قدمی کے دوران اچانک ایک پرانے کنویں میں جاگری۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق خاتون 54 گھنٹے تک پانی میں ڈوبنے سے بچنے کے لیے دیوار سے چمٹی رہی۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کا نام چن بتایا گیا ہے، اہلخانہ نے اگلے دن ان کی گمشدگی کی اطلاع دی، جس کے بعد امدادی کارروائیاں شروع ہوئیں۔

امدادی ٹیم کے سربراہ ڈو شیاو ہانگ کے مطابق 10 رضاکاروں پر مشتمل ٹیم نے ڈرون اور تھرمل امیجنگ آلات کی مدد سے تلاش شروع کی، تلاش کے دوران مدھم آواز سنائی دی اور جھاڑیاں ہٹانے پر گہرا کنواں نظر آیا جہاں خاتون پانی میں موجود تھی جس نے دونوں ہاتھوں سے دیوار کے پتھروں کو مضبوطی سے پکڑ رکھا تھا۔

خاتون نے بعدازاں بتایا کہ میں تیراکی جانتی تھی، اس لیے گرنے کے بعد ایک پتھر پکڑ کر خود کو سہارا دیا، مزید پتھر نکال کر عارضی پاؤں رکھنے کی جگہ بنائی اور اسی سہولت کے ساتھ دو دن سے زیادہ وقت گزارا۔

ان کا کہنا تھا کہ اندھیرا، مچھر اور پانی کے سانپ مجھے بار بار تنگ کر رہے تھے، مجھے ایک سانپ نے کاٹا بھی لیکن خوش قسمتی سے وہ زہریلا نہیں تھا، کئی بار ہمت ٹوٹنے لگی مگر اپنے والدین اور بیٹی کو یاد کر کے حوصلہ قائم رکھا۔

خاتون کو ریسکیو کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دو پسلیوں کے فریکچر اور پھیپھڑوں پر معمولی دباؤ کی تصدیق کی، ان کے ہاتھ بھی شدید زخمی اور چھل گئے تھے، تاہم ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید