طوفان باد و باراں سے کراچی ایئر پورٹ کا فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے۔
ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق اس صورتِ حال کے باعث ویتنام سے پہنچی کارگو پرواز ٹی کے 6245 کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ نہ کر سکی جبکہ ترکش کارگو پرواز کو انتظار کے بعد کراچی سے متبادل ایئر پورٹ روانہ کر دیا گیا۔
لاہور سے کراچی پہنچی قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 305 بھی لینڈ نہ کر سکی، لاہور و کراچی کی پرواز پی کے 305 کو بھی متبادل ایئر پورٹ روانہ کر دیا گیا۔
بحرین سے پہنچی پرواز جی ایف 754 چکر لگا کر کراچی ایئر پورٹ پر اترنے میں کامیاب ہو گئی، جبکہ فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی سے جدہ اور اسلام آباد کی پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔
ایئر پورٹ ذرائع نے بتایا ہے کہ کراچی سے سکھر کی قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 536 منسوخ کر دی گئی، لاہور تا کراچی کی پرواز پی کے 305 کو سکھر ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا، مسافر طیارے میں موجود ہیں، پرواز کو کچھ دیر کے بعد کراچی روانہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئر پورٹ کا فلائٹ آپریشن اب کلیئر ہے، پروازوں کی آمد و رفت شروع ہو گئی ہے، لاہور سے نجی ایئر لائن کی پرواز کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کر گئی ہے۔