• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی بارش، ایئرپورٹ پر اسٹاف کی کمی، امیگریشن کیلئے مسافروں کی قطاریں

کراچی( افضل ندیم ڈوگر )کراچی میں حالیہ بارشوں سے دیگر شعبہ جات کے علاوہ ایئرپورٹ اسٹاف کی کمی سے امیگریشن کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ کراچی ایئرپورٹ پر تین دن سے مسافروں کی لمبی قطاریں لگتی رہیں اور روانگی کے مسافر زیادہ مشکل کا شکار رہے ہیں۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن اظہر جاوید راجہ نے اس نمائندے کو بتایا کہ کراچی ایئرپورٹ پر 12 گھنٹے میں اپ اینڈ ڈاؤن کی 40سے زائد غیرملکی پروازیں آپریٹ ہوتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے دن کی بارش کے دوران سڑکوں پر برساتی پانی کے باعث امیگریشن کا کافی عملہ بروقت ایئرپورٹ نہ پہنچ سکا۔ ایئرپورٹ پر پہلے سے موجود عملے نے 18 گھنٹے تک ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق ایک رات میں 7 ہزار مسافروں کی باریک بینی سے امیگریشن کرنا مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ اسٹاف کی کمی کی وجہ سے کراچی سے بیرون ممالک روانگی کے مسافروں کو زیادہ مشکلات پیش آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ روانگی کے کاونٹرز زیادہ رش کے باعث امیگریشن آمد کے اسٹاف سے مدد لی جاتی رہی اور انہوں نے خود رات کو موجود رہ کر صورتحال پر بخوبی قابو پا لیا۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اس صورتحال سے پروازوں کی بیرون ملک روانگی میں تاخیر معمول بن گیا ہے۔ امیگریشن کلیرنس کے بغیر مسافر ڈیپارچر لانچ میں نہیں پہنچ پاتے تو ان کا انتظار کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے روانگی میں تاخیر ہوتی ہے۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ امیگریشن ڈیپارچر کے 20 کاؤنٹرز میں سے 12 فعال ہیں۔
اہم خبریں سے مزید