پاکستان کی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے جنوبی افریقا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کا لاہور میں آغاز کردیا۔
کھلاڑیوں نے پہلے روز عبوری ریڈ بال ہیڈ کوچ اظہر محمود اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز کی نگرانی میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔
پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ نے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں پہلا نیٹ سیشن کیا، ایشیا کپ میں شرکت کرنے والے سلمان علی آغا، ابرار احمد، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی 4 اکتوبر کو کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔
پہلے روز کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ اور فٹنس ڈرلز پر خصوصی توجہ دی جبکہ کوچز نے کھلاڑیوں کی تکنیک اور فٹنس کا جائزہ بھی لیا۔
قومی ٹیم کے کھلاڑی بدھ کو بھی صبح ساڑھے 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے۔
قومی ٹیم کا ٹیسٹ کیمپ 8 اکتوبر تک جاری رہے گا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے سرکل کا حصہ ہے۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ 12 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔