مصری پہلوان اشرف مہروس عرف ’اسٹرونگ مین‘ نے اپنے دانتوں سے 700 ٹن وزنی بحری جہاز کھینچ کر سب کو حیران کردیا۔
44 سالہ اشرف مہروس نے یہ حیرت انگیز کارنامہ ہفتے کے روز بحیرۂ احمر کے سیاحتی مقام ہُرغادہ پر انجام دیا۔
مصری پہلوان نے 700 ٹن وزنی جہاز کھینچنے کے بعد بھی ہمت نہیں ہاری بلکہ دو اضافی جہاز ساتھ باندھ کر بھی کھینچے جن کو ساتھ باندھنے کے بعد وزن تقریباً 1ہزار 150 ٹن ہو گیا۔
اشرف مہروس نے بتایا کہ میرا اپنے 2018ء میں بنائے 614 ٹن وزنی جہاز کھینچنے کے ریکارڈ کو چیلنج کرنے کے لیے اپنی اس تازہ ترین کارکردگی کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج کروانے کا ارادہ ہے۔
6 فٹ 3 انچ لمبے اور 155 کلو گرام وزنی اشرف مہروس نے اپنی فٹنس کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ میں اپنی سخت ٹریننگ روٹین کو برقرار رکھتا ہوں، روزانہ کم از کم 6 گھنٹے ورزش کے دو سیشن کرتا ہوں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ کسی بھی طرح کے سپلیمنٹس نہیں لیتا بلکہ پروٹین اور آئرن سے بھرپور غذا انڈے، چکن اور مچھلی کا استعمال کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ مصری پہلوان نے رواں سال مارچ میں 279 ٹن وزنی ٹرین کو اپنے دانتوں سے 10 میٹر کے فاصلے پر کامیابی کے ساتھ کھینچا تھا جس پر اُنہیں گنیز سرٹیفکیٹ بھی ملا تھا۔