پاکستان کی ممتاز صوفی گلوکارہ صنم ماروی نے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ اپنی سر زمین کے صوفیاء کرام کا پیغام دنیا بھر میں پہنچاتی رہیں گی۔
میامی، فلوریڈا میں اپنے امریکی ٹور کے آخری کنسرٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس دورے کے دوران امریکا کی کئی ریاستوں میں ان کے پروگرام ہوئے، جہاں ناصرف پاکستانی بلکہ مختلف ممالک کے لوگوں نے بھی انہیں بے حد پزیرائی دی، یہ محبت اور عزت میرے لیے باعثِ فخر ہے۔
میامی کے کنسرٹ میں بڑی تعداد میں حاضرین شریک تھے، سامعین صنم ماروی کے صوفیانہ کلام سے محظوظ ہوئے اور بار بار داد پیش کی۔
تقریب میں فرینڈ سرکل آف ساؤتھ فلوریڈا کے صدر میاں طاہر اسمٰعیل، نائب صدر میاں احسان الحق اور لیاقت علی نے انہیں بیسٹ پرفارمنس ایوارڈ پیش کیا۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد صنم ماروی نے اپنے مداحوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ عزت ان کے لیے قیمتی سرمایہ ہے۔
اس کنسرٹ کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں پاکستانی نژاد امریکیوں کے ساتھ ساتھ بھارتی سندھی، بنگلادیشی اور ساؤتھ ایشین کمیونٹی کے دیگر افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔