ساؤتھ کی تیلگو اور تامل فلموں کی معروف اداکارہ سمانتھا رتھ پرابھو اور فلمساز راج نیدیمرو کی شادی کے بعد راج کی سابقہ اہلیہ شیامالی ڈے نے کہا ہے کہ انہیں کسی ہمدردی کی ضرورت نہیں۔
واضح رہے کہ سمانتھا رتھ اور راج نیدیمرو کی یکم دسمبر کو کوئمبتور میں مذہبی رسومات کے مطابق شادی ہوئی تھی، جس میں انکے قریبی لوگوں نے شرکت کی تھی۔ اس شادی پر اب راج کی سابق اہلیہ نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
شیامالی ڈے نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ لوگوں کی جانب سے ملنے والے سپورٹ پر شکر گزار ہیں، وہ اس وقت کسی بھی قسم کی ہمدردی کی خواہش مند نہیں اور نہ ہی کوئی بریکنگ نیوز دینے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ راج نے شیامالی سے 2015 میں شادی اور گمان کیا جاتا ہے کہ 2023 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
اپنے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام اسٹوریز پر شیامالی نے مزید تحریر کیا، کوئی اگر کسی ڈرامہ یا بریکینگ نیوز کا متلاشی ہے تو وہ اسے یہاں نہیں ملے گا، اس لیے درخواست ہے کہ یہاں سے چلے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں کسی توجہ، میڈیا کوریج، خصوصی انٹرویوز، برانڈ پروموشنز، پیڈ پارٹنرشپس یا ہمدردی کی متمنی نہیں، نہ ہی میں کسی فروخت کی کوشش کر رہی ہوں۔