پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سونیا حسین نے عالمی سطح پر چین اور ملائیشیا کے بعد اب رشین فلم ایوارڈ بھی اپنے نام کیا ہے۔
بین الاقوامی ایوارڈز کی فہرست میں پاکستان ایک بار پھر نمایاں ہوا۔ اداکارہ سونیا حسین نے روس میں ہونے والی تقریب میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیت کر ناصرف ملک کا نام بلند کیا بلکہ پاکستانی فلم انڈسٹری کی عالمی رسائی کو مزید مضبوط بنایا۔
سونیا حسین یہ اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کی دوسری اداکارہ بن گئی ہیں۔ اس سے پہلے یہ اعزاز پاکستانی فلم لیجنڈ صبیحہ خانم کے پاس تھا۔
ایوارڈ ملنے کے بعد پاکستان میں بھی سونیا حسین کے اعزاز میں ساحل سمندر پر واقع مرینہ کلب میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں اداکار ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، زاہد احمد، یاسر حسین، یشما گل، شازیہ وجاہت، سیف حسن، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، قونصل جنرل موروکو مرزا اشتیاق بیگ، سابق صوبائی وزیر ثقافت ڈاکٹر جنید علی شاہ، سنیما انڈسٹری کی مقبول شخصیت ندیم مانڈوی والا سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایوارڈ یافتہ اداکارہ سونیا حسین کا کہنا تھا کہ میں سب سے پہلے جیو اور ہدایت کار رافع راشدی کی مشکور ہوں۔ میں ہمیشہ ہر کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے دل سے اور سخت محنت کے ساتھ کام کرتی ہوں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی فلم ’دیمک‘ کی پذیرائی ہماری پوری انڈسٹری کی کامیابی ہے۔
اداکار ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ سونیاحسین نے عالمی سطح پر جو کامیابی حاصل کی ہے، وہ ہم سب کے لیے باعثِ فخر ہے۔
اس کے علاوہ، اداکار عدنان صدیقی نے بھی سونیا حسین کے کام، مستقل مزاجی اور اداکاری کے انداز کو سراہا۔
یاسر حسین کی میزبانی نے ستاروں کی شام کو زعفران زار بنائے رکھا جبکہ ہمایوں سعید نے سونیا حسین کو خصوصی ایوارڈ سے بھی نوازا۔