پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار گوہر رشید نے بتادیا کہ مقدس شہر مکہ مکرمہ میں نکاح کرنے کا فیصلہ کس کا تھا۔
حال ہی میں اداکار نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ ہم دونوں کی یہ دیرینہ خواہش تھی کہ جب کبھی ہم شادی کریں تو مکہ مکرمہ میں کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہم دونوں کی انفرادی خواہش تھی کہ ہم مکہ میں شادی کریں اور یہ آج سے نہیں بلکہ کئی برسوں پرانی خواہش تھی۔ میرا ارادہ تھا کہ میں جب بھی شادی کروں تو مکہ میں کروں اور کبریٰ کا بھی یہی ارادہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم دونوں نے آپس میں شادی کرنے کا فیصلہ کیا تو یہ بالکل کنفرم تھا کہ ہم مکہ میں ہی شادی کریں گے۔
واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں گوہر رشید اور کبریٰ خان نے اچانک منگنی کا اعلان کر کے اپنے مداحوں کو حیران کردیا تھا اور بعدازاں مکہ مکرمہ سے ان کے نکاح و رخصتی کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنی تھیں۔